تھرپارکر، 16 مئی( اے پی پی):ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے آج تھرپارکر کے دو گاؤں کارو بجیر اور بگھار ہنگورجہ میں صحت کے مراکز میں ماں اور بچے کے صحت کے مراکز کا افتتاح کیا جو کہ 24 گھنٹے فعال رہے گا جبکہ ماں اور بچے کے صحت کے ان مراکز میں ڈیلیوری ، حمل کے دوران اور بعد کے معائنے ، بچوں کے حفاظتی ٹیکے ، خاندانی منصوبہ بندی ، ادویات اور مختلف ٹیسٹس بھی بالکل مفت کئے جائیں گے۔ افتتاح کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر ہرچند رائے ، اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عبدالحمید مغل موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے کہا کہ صحت کے ضمن میں ضلع تھرپارکر میں کافی کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے، ضلع میں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر اسٹاف کی کمی ہے جبکہ ضلع کے مختلف دیہاتوں میں تقریبا 181 کے ڈسپنسریز اور ہیلتھ کے بنیادی مراکز کئی وجوہات کے باعث غیر فعال ہیں جن کے فعالیت کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر صحت کی جانب سے بھی ضلع میں صحت کی سہولیات کے لیے اقدامات اٹھائیں گئے ہیں اور منظوری دی گئی ہے کہ پی پی ایچ آئی کے تعاون سے صحت کے ان مراکز کو فعال بنایا جائے. انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ لوگوں کی دہلیز پر انہیں صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی کمی کے مسائل حل ہو جائیں تو صحت سے متعلق زیادہ تر مسائل حل ہو جائیں گے جبکہ اس ضمن میں اعلی حکام کو لکھا جا چکا ہے۔











