لاہور،11مئی(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سروسز ہسپتال اور سی ایم ایچ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی کی عیادت کی اور سی ایم ایچ میں زیر علاج ڈی ایس پی بلال،کانسٹیبل شکیل اورسکیورٹی اہلکارفیصل کی بھی عیادت کی ۔ محسن نقوی نے سیاسی جماعت کے کارکنوں کے پتھراؤ سے زخمی ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی اور پولیس و سکیورٹی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی،ڈی ایس پی بلال،کانسٹیبل شکیل اورسکیورٹی اہلکارفیصل کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ محسن نقوی نے زخمی افسروں اورجوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے تحمل اوربرداشت کا مظاہرہ کر کے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ قوم کو آپ پر فخر ہے۔ آپ قوم کے ہیرو ہیں،جنہوں نے سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ محسن نقوی نے کہا کہ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لئے آپ نے جذبے اورعزم سے فرائض سرانجام دیئے۔ جلاؤ، گھیراؤ اور پولیس فورس پر پتھراؤ کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سی سی پی او لاہور، کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔











