جنوبی پنجاب میں حج آپریشن 15 مئی سے شروع ، فلائٹس کا آغاز 21 مئی سے ہوگا

81

ملتان۔6مئی  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر حج آپریشن 2023 کے انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔جنوبی پنجاب میں حج آپریشن 15 مئی سے شروع ہوگا جبکہ حجاج کرام کی فلائٹس کا آغاز 21 مئی سے ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ مذہبی امور اور ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر نے حج آپریشن کے حوالے سے بریفننگ دی۔ ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ حج کمپلیکس میں آنیوالے حاجیوں کی بھرپور مہمان نوازی کرینگے۔حجاج کی ویکسین اور ٹریننگ کیلئے خصوصی کیمپ قائم کئے جائیں گے۔عمر جہانگیر نے کہا کہ حاجی کیمپ قلعہ کہنہ میں 15 ہزار حجاج کو رہنمائی و ٹریننگ فراہم کی جائے گی جبکہ حاجی کیمپ میں تمام بنک اور محکمے اپنے کاو_¿نٹرز قائم کرینگے۔عمر جہانگیر نے ہدایت کی کہ واسا،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی،میونسپل کارپوریشن،میپکو سمیت تمام ادارے ڈیوٹی روسٹر جاری کریں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر حج ریحان عباس کھوکھر نے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت مذہبی فریضہ سمجھ کر کرینگے۔ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے حجاج کرام کو مکمل سکیورٹی و رہنمائی بھی فراہم کرینگے۔بعد ازاں تمام محکموں نے حج آپریشن کے حوالے سے انتظامات پر بریفنگ بھی دی۔