محکمہ آبپاشی کے افسران آئندہ بارشوں سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیں، ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے

16

نوشہرو فیروز، 06 مئی (اے پی پی):  ڈائریکٹر آپریشن صوبائی ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی  امداد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ ہمیں آئندہ مون سون کی بارشوں کے لئے تیار رہنا چاہیے ۔انہوں نےکہا کہ تمام ادارے گزشہ برش کی  برساتوں  اور سیلاب سے سبق سیکھیں اور ایسے انتظامات  کریں  جن سے اس سال آنے والی   ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران کم سے کم نقصان ہو۔  وہ آج ڈپٹی کمشنر آفیس نوشہروفیروز کے کمیٹی روم میں ضلع میں برساتی  پانی کی نکاسی کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے ساتویں  اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ  محکمہ آبپاشی  کے افسران آئندہ بارشوں سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے افسران بارشوں اور سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی تیاری مکمل کریں ۔ انہوں نے محکمہ اسکارپ  ایریگیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں قائم تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو فعال حالت میں رکھیں  اور پمپنگ اسٹیشنوں کی ضروری مرمت کے عمل کی مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ جن پمپنگ اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی میں مسائل درپیش ہیں ان مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اس کے ساتھ ساتھ جنریٹرز کے ذریعے پمپنگ اسٹیشنوں کو چلانے کے لئے بھی انتظامات کئے  جائیں۔ انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں قائم تمام ڈرینج ڈسپوزل اسکیموں کو فعا ل بنائیں  اور ممکنہ برساتوں کی صورت میں پمپنگ اسٹیشنوں کو چوبیس گھنٹے چلانے کے انتظامات کریں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ممکنہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضروری ادویات، ایمبولینس اور پیرا میڈیکل عملے کو تیار رکھیں۔