جو قوم  شہید کی  عزت اور قدر نہیں کرتی  وہ  اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی؛ وزیر داخلہ کا یوم تکریم شہدا ءکے موقع پر پیغام

9

اسلام آباد، 25 مئی(اے پی پی): وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان  نے یوم تکریم شہدا ءکے موقع پر  اپنے پیغام میں کہا  ہےکہ  شہید اپنی قوم کی خاطر ، اپنے ملک کی خاطر اپنی زندگی کو قربان کر دیتا ہے  ، وہ قوم اور ملک کا محسن ہوتا ہے ، جو قوم  شہید کی  عزت اور قدر نہیں کرتی  وہ قوم باقی نہیں رہتی اور اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی۔انہوں نے کہا کہ  ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم ان شہداء کو  ہمیشہ یاد رکھیں، ان کے ساتھ عزت اور  محبت  کا سلوک رکھیں اور خاص طور پر ان کے اہل خانہ اور رشتے داروں کو یہ احساس نہ ہونے دیں کہ قوم نے ان  شہداء کو فراموش کر دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے کہا کہ  حالیہ واقعات میں  شہداء کے مجسموں کو  اور  یادگاروں کی بے حرمتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، شہداء  کے خاندانوں  نے اس کو بہت دکھ سے محسوس کیا ہے،  پوری قوم ان کے اس دکھ میں شامل ہے اور اس عمل کی بھرپور مذمت کرتی ہے ۔انہوں  نے  کہا کہ ایسا عمل کرنے والے پاکستانی کہلانے کے قابل نہیں ہیں، انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا ملے گی تاکہ آئندہ اس قسم کی گھٹیا جسارت وہ نہ کریں۔