اسلام آباد،29 مئی ( اے پی پی ): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے چئیرمین سیاسی امور مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ محتشم الہی ظہیر اور ناظم سیاسی امور محمد علی یزدانی سے پیر کو یہاں ملاقات میں کیا ،ملاقات میں تعلیم اور موجودہ ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے ہی 28 مئی کو عالمی دباؤ کے باوجود چاغی میں ایٹمی دھماکے کر کے ملک کی سلامتی اور دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا،ملک میں تعلیمی ادارے، ہسپتال اور موٹر ویز بنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی درسگاہوں میں طلبہ کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا اور ان کی کردار سازی بہت اہم ہے۔ تعلیمی درسگاہیں ایسے نوجوان پیدا کریں جو علامہ اقبال کے افکار کے مطابق جرات مند اور اعلی اخلاق کے حامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں مثبت سوچ اور مثبت رویوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وطن عزیز کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء ہمارا فخر اور ان کی یادگاریں قومی اثاثہ ہیں۔ مسلم لیگ (ن)کے سابق ادوار میں مہنگائی کی شرح کم اور جی ڈی پی بلند شرح سے بڑھ رہی تھی ۔
اس موقع پر علامہ محتشم الہی ظہیر نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان پی ٹی آئی کی ملک دشمن سرگرمیوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے ، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور آرمی تنصیبات پر حملے کرنے والوں اور منصوبہ بندی کرنے والے افراد کو سخت سزا دی جائے۔