حکومت پنجاب نے مفت آٹا سکیم کے تحت پنجاب کے کروڑوں مستحقین کو بڑا ریلیف دیا: نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر

50

لاہور، 30اپریل(اے پی پی): نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے  شاہد خاقان عباسی کی جانب سے مفت آٹا سکیم میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الزامات جھوٹے اور من گھڑت ہیں۔ حکومت پنجاب نے مفت آٹا سکیم کے تحت پنجاب کے کروڑوں مستحقین کو بڑا ریلیف دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مفت آٹا سکیم میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں ہوئی، الزام لگانے والوں کی اپنی ساکھ مجروح ہوئی ہے، نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ مفت آٹا سکیم پنجاب کی تاریخ کی کامیاب ترین سکیم ہے جس میں پنجاب کے تین کروڑ سے زائد مستحق لوگوں کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مفت آٹا تقسیم کیا گیا ہے ۔ عامر میر نے کہا کہ مفت آٹا سکیم کو وفاقی اور پنجاب حکومت نے ملکر فنڈ کیاتھا اور اپنی نوعیت کی اس منفرد آٹا سکیم کو پارٹی کی اندرونی سیاست کی بھینٹ چڑھانا سراسر زیادتی ہے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے جھوٹے الزامات پر یا تو معزرت کریں یا ثبوت مہیا کریں۔ انھوں نے کہا کہ نگران پنجاب حکومت شفافیت اور غیر جانبداری پر یقین رکھتی ہے اور آٹا سکیم کے حوالےسے ایک ایک پائی کا حساب دے سکتی ہے۔اس لیے اس پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔