خیرپور: مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں اسکالر شپ کے تحت مالی مدد کے حوالے سے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب

23

خیرپور۔ 16مئی(اے پی پی): پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنماء و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شہید ذوالفقاعلی بھٹو کیمپس خیرپور میں خیرپور نیڈ کم اسکالر شپ کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے پورے پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے والے خیرپور ڈومیسائل ہولڈرز کو اسکالر شپ کے تحت مالی مدد کے حوالے سے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب کی صدارت کی۔

 اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم سندھ حکومت اور محکمہ خزانہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اسکالر شپ کے لیے خطیر رقم فوری طور پر جاری کی انہوں نے کہا کہ 20 سالوں سے یہ اسکالرشپ کمیٹی کام کررہے ہماری کوشش ہے کہ مستقبل میں تمام ایسے شاگرد جو درخواستیں جمع کرائیں ان سب کو اسکالر شپ کمیٹی کے توسط سے پورے سال کا تعلیمی خرچ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2 کروڑ روپے کی رقم کافی نہیں ہماری کوشش ہے کہ اس رقم میں اضافہ کروایا جائے تاکہ طلباء کو مزید بہتر انداز میں مالی مدد فراہم کی جائے۔

 اس سے قبل اسکالر شپ کمیٹی کے سیکریٹری فرحان علی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرظفر عباس عباسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک کے 85 تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے 1110 طلبا اور طالبات نے درخواستیں جمع کرائیں جس میں سے 698 طلباء اور طالبات میرٹ کی بنیاد پر اسکروٹنی کے بعد اہل قرار پائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکالر شپ صوبے کے دیگر تمام شہروں کے لیے پائلٹ پروجیکٹ ثابت ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکالر شپ کے تحت کم سے کم ایک طالب علم کو 20 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ فی کس  50 ہزار روپے تک کی مالی مدد کی جائے گی جو بنک اکاؤنٹ کے توسط سے دی جائے گی۔