فیصل آباد،17مئی(اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ 9 مئی کو شر پسند عناصر کی جانب سے جو دہشت گر دی کی گئی وہ انتہائی افسو سناک ہے کیونکہ 9 مئی کو جن شر پسندوں نے فوجی تنصیبات، کور کمانڈر ہاؤس، آئی ایس آئی کے دفتر اور وطن کی خاطر جان نثار ہونے والے شہدا کی یادگاروں کو بھی نہیں چھوڑا گیا،لہٰذا فیصلہ ہوگیا ہے کہ دہشت گردوں کا ٹرائل آرمی ایکٹ کے تحت فوجی عدالت میں ہوگا اور جو جو ذمہ دار ہوا اسے نہیں چھوڑا جائے گا لیکن وہ یقین دلاتے ہیں کہ کسی بے گناہ کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔
وہ بدھ کی شام مختصر دورہ پر فیصل آباد آمد کے بعد الائیڈ موڑ پر کیپٹن اسفند یار شہید چوک میں نئے ماڈل کی تنصیب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے جسے 9 مئی کو پی ٹی آئی کی ریلی کے دوران شر پسند وں نے تباہ کر دیا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کیپٹن اسفند یار شہید چوک میں ماڈل کی تنصیب کے موقع پر دعا مانگی اور ماڈل پوائنٹ پر پودا بھی لگایا۔ انہوں نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کر کے شر پسندوں کی طرف سے کئے گئے نقصان کا جائز ہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اس چوک میں آنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ کیپٹن اسفند یار شہید چوک ماڈل کی توڑ پھوڑ پر انکے بیٹے سے معذرت کریں جبکہ وہ شہید کے والد اور اہل خانہ کو یقین دلاتے ہیں کہ صرف اسی چوک کو جسے ٹارگٹ کرکے نشانہ بنایا گیا اسے پاکستان کا یاد گار چوک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو جو عناصر دہشت گردی کے واقعات میں ملوث تھے انکی شناخت کر لی گئی ہے اور پولیس کو مذ کورہ مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے فری ہینڈ دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پولیس کو مور د الزام ٹھہر انا درست نہیں کیونکہ پولیس کی حکمت عملی کے باعث کم نقصان ہوا ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے کہا کہ ایس ایس آپریشنز کی تبدیلی کا کسی جگہ پر چھاپے یا کسی کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں بلکہ کچھ ایسے معاملات تھے جن کی وجہ سے انہیں تبدیل کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ جو نقصان ہوا ہے حکومت اسکا تدارک یقینی بنائے گی اور ایک دیگر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی نئی عدالت قائم نہیں کی جارہی بلکہ آرمی کا پہلے سے اپنا قانون اور اپنی عدالتیں موجود ہیں لہٰذا وہ انہی کے مطابق کارروائی کریں گی۔
ایک اور سوا ل کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے پاس محدود اختیارات اور محدود فنڈز ہوتے ہیں لہٰذا وہ کوئی بڑی سکیم یا منصوبہ شروع نہیں کر سکتے تاہم جن سڑکات کی ٹوٹ پھوٹ کا ذکر کیا گیا ہے وہ اسکی مرمت کیلئے فنڈزجاری کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلد فیصل آباد میں جر نلسٹ کالونی کا قیام انکی خواہش ہے جس کیلئے وہ ضروری اقدامات کریں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم، صوبائی وزیر کھیل وہاب ریاض، آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر فیصل آباد سلوت سعید، آر پی او ڈاکٹر محمد عابد محمود خان، ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر و دیگر حکام بھی موجود تھے۔











