روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت عازمین حج کو پاکستان ہی میں امیگریشن کی سہولت میسر کی جائے گی؛ رانا ثنا اللہ خان ، ناصر بن عبدالعزیز

20

اسلام آباد،17مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان  اور سعودی نائب وزیر داخلہ ناصر بن عبدالعزیز نے  روڈ ٹو مکہ منصوبے کو پوری طرح نافذ کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کے تحت عازمین حج کو پاکستان ہی میں سعودی امیگریشن کی سہولت میسر کی جائے گی۔

بدھ کو یہاں وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللّٰہ کی سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد سے وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی ،ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر بات چیت ہوئی ۔ ملاقات میں اس منصوبے کو  اگلے مرحلے میں کراچی اور لاہور ائیرپورٹ پر بھی شروع کرنے  پر اتفاق کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ حجاج اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کی تقریب آج وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد کی جائے گی۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ اس منصوبے نے پاکستانی حجاج کو بے پناہ سہولت اور آسائش فراہم کی ہے اور اس ضمن میں ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں ۔

سعودی نائب وزیر داخلہ  نے کہا کہ سعودی عرب کی خواہش تھی کہ اس منصوبے کا آغاز سب سے پہلے پاکستان سے کیا جائے،ہماری پوری کوشش ہے کے سعودی سفارتکار کے 2011 میں قتل کے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔

 ملاقات میں پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے برمی مسلمانوں کے  مسئلے کو بھی باہمی مشاورت اور رضامندی سے حل کرنے پر اتفاق ہوا۔

وزیر داخلہ نے  سعودی نائب وزیر داخلہ سے سعودی  جیلوں میں معمولی جرائم میں قید پاکستانی شہریوں کی جلد رہائی پر استفسار  کیا جس پر سعودی نائب وزیر  نے بتایا کہ 108 پاکستانی شہریوں کو رہا کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی قیدیوں کے کیسز کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے،سعودی نائب وزیر داخلہ  نے  اس قسم کے قیدیوں کی جلد رہائی ممکن بنانے کی یقین دہانی کرائی ۔

ملاقات  میں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوارڈینیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔