شیخوپورہ،23 مئی (اے پی پی ):سابق ضلعی ناظم اور سابق ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری نے تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا ہے ۔
اس موقع پر انہوں نے عمران خان کی نااہلی اور نالائقی کو پارٹی کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی اداروں کے خلاف میں عمران خان کا ساتھ نہیں دے سکتا، قوم کے نوجوانوں کو غلط راستے پر لگایا جو کہ شدید زیادتی ہے، عمران خان سے محبت مثبت نعروں اور ریاست مدینہ کی وجہ سے تھی، انہوں نے صرف باتیں کیں لیکن عمل نہیں کیا۔
میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی حفاظت کے ذمہ دار اداروں کے خلاف محاذ کھڑا کیا جو سراسر زیادتی ہے،اداروں کو بدنام کیا اور الزامات لگائے جبکہ فوج ہمارے تحفظ کی ضامن ہے ۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو شہداء کی نشانیاں تباہ کرنے کا ذمہ دار عمران خان ہے، ایسے شخص کے ساتھ چلنا ممکن نہیں ۔
سابق ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ ضلع بھر میں سب سے سینیئر سیاستدان ہوں ، پاک افواج کے خلاف بنایا جانے والا ماحول میرے لئے ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہ تو عمران خان اور نہ ہی پی ٹی آئی کا ساتھ دیا جا سکتا ہے ، ہم اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ، اللہ پاک ہمیں اپنے ملک سے محبت اور اسکے تحفظ کی توفیق عطا فرمائے ۔











