سکھر؛ گورنمنٹ پرائمری سکول پٹھان کالونی نیوپنڈمیں سالانہ نتائج کے سلسلے میں تقریب منعقد

14

سکھر،29مئی(اے پی پی): گورنمنٹ پرائمری سکول پٹھان کالونی نیوپنڈسکھر میں سالانہ نتائج کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔  تقریب کے مہمانان خصوصی ایجوکیشن آفیسرایلیمنٹری سکینڈری و ہائیر سکینڈری نیوسکھرخان محمد بگٹی، ایجوکیشن آفیسرپرائمری نیوسکھرساجد حسین بھیو،پ ٹ الف نیو سکھر کے عہدےداران محمد نواز کھوسو،نواب احمد سومرو اورسکول کے ہیڈ ماسٹر ہدایت اللہ خان نیازی تھے۔

مقررین نے  اپنے خطاب میں اس طرح کی تقریبات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات سے طلباو طالبات میں پڑھائی کا رحجان بڑھتا ہے جو کہ آجکل کی اہم ضرورت ہے۔والدین کو بھی چاہیے کہ وہ سرکاری سکولوں کو اپنا سمجھیں اور انکے مسائل کے حل کےلئے حکومت کابھرپور ساتھ دیں ،اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کرام کے ساتھ رابطے میں رہیں اور تعلیم کی بہتری کےلئے مل جل کر جدوجہد کریں تاکہ پرائیویٹ سکول مافیا سے چھٹکارا حاصل ہوسکے۔

 انہوں نے  کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کے خاتمے اور ترقی پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تعلیم کو فروغ دیا جائے۔ اچھا نگران وہی ہوتا ہے جو کم وسائل کے باوجود ادارے کو ایک ماڈل ادارہ بنائے،سکول میں اس طرح کا ماحول مہیا کرے کہ بچوں میں سکول آنے کا رحجان بڑھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ سندھ بھر کے تمام سکولوں میں گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹرزاور آئی بی اے پاس قابل اساتذہ تعینات ہیں جن کی وجہ سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

مقررین نے ہیڈ ماسٹر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔آخر میں کامیاب طلباءو طالبات میں انعامات اوربہترین اساتذہ کرام میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔