سیالکوٹ،23مئی(اے پی پی):آصف باجوہ کلب نے ڈپٹی کمشنر ہاکی چیمپئن ٹرافی جیت لی۔ فائنل میچ میں میترانوالی ہاکی کلب کو چار گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ضلع سیالکوٹ میں جاری ڈپٹی کمشنر ہاکی چیمپئن شپ 2023 کا فائنل میچ آصف باجوہ کلب اور میترانوالی کلب کے مابین یتیم خانہ ہاکی گراؤنڈ ڈیفنس روڈ سیالکوٹ میں کھیلا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے فائنل میچ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ضلع کونسل کی جانب سے جیتنے والی ٹیم آصف باجوہ ہاکی کلب کو 3لاکھ روپے نقد اور ونر ٹرافی اور رنر اپ ٹرافی اور 2لاکھ روپے نقد میترانوالی ہاکی کلب کو دی جبکہ میچ آفیشلز کو بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر شاباش دی اور ایک لاکھ 80ہزار روپے میچ فیسسز کی مد میں تقسیم کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے یتیم خانہ ہاکی گراؤنڈ کو اپ گریڈ کرنے کیلئے سیالکوٹ ہاکی سٹیڈیم کی پرانی آسٹروٹرف پر منتقل کرنے کا اعلان کیا اور سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کو کھیلوں کی سرپرستی کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرکے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے ضلع کونسل کے تعاون سے لارج سکیل پر پر کشش انعامات اور بہترین کنڈیشنز میں کھیلوں کی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا ہے اور اب تک ہاکی سمیت باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، کراٹے اور والی بال کی چیمپئن شپ مکمل ہوچکی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 28مئی شام 5بجے گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج کی فٹبال گراؤنڈ میں ڈپٹی کمشنر فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل میچ کھیلا جائے گا اور اسی طرح کشتیوں کے مقابلہ کا فائنل 4جون کو ہوگا۔