ملتان، 08 مئی (اے پی پی ):سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد افضل ناصر خان نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال کا دورہ کیا۔ اپنے اس دورے کے دوران وہ نشتر کینسر سنٹر گئے اور مریضوں کو مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انچارج کینسر سنٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے انہیں مہیا کی جانے والی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ نے وہاں علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں سے بھی گفتگو کی اور انہیں درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کی اور طبی عملے کو تمام تر سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دوائیوں کی ممکنہ کمی اور ٹاؤٹ مافیا کی ہسپتالوں تک رسائی کو روکنے کے لیے ہسپتال انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھائے کی بھی ہدایت کی۔
سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد افضل ناصر خان نے پولیس کانسٹیبل کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو اس معاملے کی صاف شفاف تحقیقات کے احکامات جاری کیے۔
سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب کے اس دورے کے دوران پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ اور ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر راؤ امجد علی خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔











