شر پسندوں کی طرف سے جناح ہاؤس پر حملے کا واقعہ ملک کی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

32

لاہور،15مئی ( اے پی پی ):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج یہاں گورنر ہائوس لاہور میں نیوی کے سٹیشن کمانڈر لاہور ،کموڈور ساجد حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ9 مئی کو ایک سیاسی پارٹی کے شرپسند جتھوں کی جانب سے  ملک بھرمیں عسکری، سرکاری تنصیبات، شہدا کی یادگاروں پر حملے اور جلائو گھیرائو افسوسناک واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک اور افواج کا تقدس عوامی سرمایہ ہے جسے پامال کیا گیا ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ شہدا کی عزت و تکریم ہر شخص پر واجب ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں شہدا کے لیے اعلی ترین مرتبوں کی بشارت ہے۔انہوں نے کہا کہ شر پسندوں کی طرف سے جناح ہاؤس پر حملے کا واقعہ ملک کی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے شہدا  اور غازی قوم کا فخر ہیں۔ اس موقع پر نیول سٹیشن کمانڈر لاہور نے گورنر پنجاب کو بلیو (Blue)اکانومی پر لکھی گئی کتابیں پیش کیں۔اس موقع پر خان پور میں نو تعمیر شدہ کیڈٹ کالج کے گزشتہ 4 سال سے مکمل ہونے کے باوجود آپریشنل نہ ہونے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔