شیخوپورہ؛ مشیر کھیل و امور  نوجوانان  وہاب ریاض کا مریدکے کا دورہ، گراؤنڈز کے معیار اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا

13

شیخوپورہ،18 مئی  (اے پی پی): مشیر کھیل و امور  نوجوانان  پنجاب وہاب ریاض نے شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے کا دورہ کیا۔انہوں نے تحصیل اسپورٹس کمپلیکس ، بھٹہ سٹیڈیم ، فٹبال گراؤنڈ اور ہاکی گراؤنڈ مریدکے میں کھیلوں کے گراؤنڈز کے معیار اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

وہاب ریاض نے مریدکے میں قائم  تحصیل سپورٹس کمپلیکس اور مختلف کھیلوں کے میدانوں کا جائزہ لینے کے بعد ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور ، ضلعی انتظامیہ اور  بالخصوص محکمہ کھیل شیخوپورہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں  نے تحصیل سپورٹس کمپلیکس میں کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولیات کی بھی تعریف کی اور سپورٹس کمپلیکس میں آنے والے کھلاڑیوں کے لیے سہولیات میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔

مشیر کھیل پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کود سے احتراز کی وجہ سے کئی جسمانی اور ذہنی عوارض جنم لینے لگتے ہیں، ایک صحت مند جسم میں صحت مند دماغ پایا جاتا ہے اور ایک کمزور جسم کمزور دماغ کا مالک ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت مند جسم کے لئے کھیلوں کی ضرورت ہوتی ہے، بغیر کھیلوں کے ہمارا جسم کسل مندی ، سستی کاہلی اور کمزوری کا شکار ہوجاتا ہے اور کھیل کے بغیر تعلیمی نصاب کو ادھورا کہا جاتا ہے۔

وہاب ریاض  نے کہا کہ  جسمانی تعلیم اور مختلف قسم کے کھیل طلباء کی جسمانی اور ذہنی نشو ونما کے لئے بے حد ضروری ہیں کیونکہ کھیل بچوں میں جسمانی نشوونما کا ایک اہم وسیلہ ہے۔

اس موقع پر   ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر شیخوپورہ فیصل جاوید ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ، تحصیل اسپورٹس آفیسر مریدکے  اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔فرسٹ کلاس کرکٹر محمد کلیم بھی موجود تھے۔