اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی نے عالمی یوم صحافت کے موقع پر مستند، بروقت اور غیر جانبدارانہ اطلاعات کی فراہمی میں میڈیا کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کر لی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سنسرشپ اور تشدد کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے رولز معطل کئے جانے کی تحریک کی منظوری کے بعد یہ قرارداد ایوان میں پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان 3 مئی کو عالمی یوم صحافت کے موقع پر اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ دستور کے آرٹیکل 19 میں آزادی اظہار رائے کا دیا جانے والا بنیادی حق آزادی صحافت کی بنیاد ہے، یہ ایوان اعتراف کرتا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی کو بنیادی حقوق کے عالمی قوانین میں بھی تحفظ حاصل ہے۔ ایوان یہ مطالبہ کرتا ہے کہ سنسرشپ اور تشدد کی روک تھام کرتے ہوئے حکومت آزادی صحافت کے حوالہ سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے جو کہ جمہوری معاشروں کیلئے لازم ہیں اور دیگر بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اہمیت کی حامل ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مستند، بروقت اور غیر جانبدارانہ اطلاعات کی فراہمی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے، یہ ایوان صحافیوں کے تحفظ، ان کی سلامتی اور آزادی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتا ہے۔ سپیکر نے قرارداد ایوان میں منظوری کیلئے پیش کی جسے ایوان نے منظور کر لیا۔











