لاہور؛سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی زیرصدارت ریونیو ریکوری کے بارے اجلاس

29

لاہور،19مئی(اے پی پی):سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نبیل جاوید کی زیرصدارت ریونیو ریکوری کے بارے اجلاس بورڈ کمیٹی روم میں جمعہ کو منعقد ہوا۔ ڈویژنل کمشنرز سمیت افسران نے ایس ایم بی آر کو ریونیو ریکوری کے حصول بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کے ٹارگٹ کے مطابق انتقالات فیس کی مد میں پنجاب بھر میں اورآل 88 فیصد ریکوری کی جا چکی ہے جبکہ سی وی ٹی، شٹام ڈیوٹی کی مد میں 60 فیصد ریکوری کو یقینی بنایا گیا ہے۔ایڈیشنل کمشنر لاہور نے بتایا کہ لاہور میں واٹر ریٹ کی ریکوری کو 100 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔

اس موقع پرسینئر ممبر بورڈ نبیل جاوید نے کہا کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ریونیو ریکوری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں نکالیں اور اپنے ٹارگٹ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز ریونیو ریکوری بارے ٹیموں کی مانیٹرنگ کریں تاکہ ریونیو ریکوری کے ٹارگٹ کو مکمل کیا جا سکے۔

نبیل جاوید نے کہا کہ ریونیو ریکوری کے ٹارگٹ کو بروقت مکمل کرنا اہم ترین ذمہ داری ہے، آئندہ اجلاس تک ریونیو ریکوری میں بہتری لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریونیو ریکوری کے ٹارگٹ کو مکمل نہ کرنے، سستی اور کاہلی کا مظاہرہ والے افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 بعد ازاںسینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے ریونیو ملازمین ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔انہوں نے ریونیو ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارک دی اور ان سے حلف لیا۔

ممبر ٹیکسز طارق قریشی، ڈی جی لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سائرہ عمر، سیکرٹری ٹیکسز تاثیر احمد، ڈپٹی سیکرٹری سٹاف رومان برآنہ، ایڈیشنل کمشنر لاہور، چیف اسٹیمپ انسپکٹر سمیت متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے۔