لاہور، 05 مئی(اے پی پی): شہر میں شجرکاری مہم بارے کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس ۔منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل ڈی اے پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے تعاون سے ان سوسائٹیوں میں شجرکاری کرائے گا۔پہلے مرحلے میں لاہور شہر میں قائم پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز اڑھائی لاکھ سے زائد پودے لگائیں گی۔ پہلے مرحلہ میں 25 سے زائد پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی شجرکاری مہم میں حصہ لیں گی۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ شجرکاری مہم میں 5 سے 6 فٹ کے پودے لگائے جائیں گے۔ انھوں نے ہدایت دی کہ ایل ڈی اے کی اپنی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پی ایچ اے کے تعاون سے پودے لگائے جائیں۔ کمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ شجرکاری مہم میں پھولدار، پھلدار پودے و میاواکی کے پودے بھی لگائے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ شجرکاری کا مقصد ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور شہر میں گرینری کو بڑھانا ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حیدر، ڈی جی پی ایچ اے طاہر یسین وٹو، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید خان، ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر عمران علی ، ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ سید منور بخاری ، ایڈیشنل ڈی جی پی ایچ اے صفی اللہ گوندل نے شرکت کی۔ چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ ندیم اختر زیدی ، چیف ٹاؤن پلانر شکیل انجم منہاس ، ڈائریکٹر ایڈمن اور ڈائریکٹر ڈی جی ہیڈکوارٹر ایل ڈی اے و متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔