ملتان،08 مئی(اے پی پی ):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے شہر اولیاء میں سیوریج مسائل اور شاہراہوں کی ٹوٹ پھوٹ بارے عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیا ہے اور حکام سے سڑکوں کی بحالی کی ٹائم لائن طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ٹی بی ہسپتال روڈ کی 15 یوم کے اندر کارپیٹنگ شروع کرنے کی ڈیڈ لائن دے ہے۔
وہ سیوریج اور سڑکوں کی بحالی بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔سیکرٹری ہاوسنگ و اربن ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب قیصر سلیم ،ڈی جی ایم ڈی اے زاہد اکرام اور واسا اور پی ایچ اے کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ شہر کی نصف درجن سے زائد مصروف شاہراہیں سیوریج منصوبوں کی وجہ سے بحالی کی منتظر ہیں اور انکی تعمیر میں تاخیربارے آئے روز میڈیا میں شکایات رپورٹ ہورہی ہیں۔انہوں نے ہدایت کی شاہراہوں کی بحالی کے منصوبوں پر فوری عملدرآمد کا آغاز کیا جائے اور سڑکوں کی بحالی کی ٹائم لائن پیش کی جائے۔
کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے کہا کہ شہری اذیت کا شکار ہیں، قومی تعمیر کے محکمے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور واسا اور میٹروپولیٹن کارپوریشن سڑکوں کی مرمت کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ سورج میانی روڈ،باوا صفرا روڈ اور سورج کنڈ روڈ کو جلد بحال کیا جائے اور المصطفےٰ روڈ اور حضوری باغ روڈ پر سیوریج کا کام جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملتان شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے پی ایچ اے میگا پراجیکٹ تیار کرے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب قیصر سلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نواب پور روڈ اور واٹر ورکس روڈ کی بحالی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی ذمہ داری ہے اور واسا نےان شاہراہوں کی بحالی کے لئے کارپوریشن کو واجبات ادا کردئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چونگی نمبر22 سے بلال مسجد تک المصفےٰ روڈ پر سیوریج کا کام مکمل کرلیا گیا ہے،اس روڈ کی تعمیرو مرمت محکمہ ہائی وے کرے گا۔ انہوں نے بریفنگ میں مزید بتایا کہ واسا نے سورج میانی، باواصفرا اور سورج کنڈ روڈ پر سیوریج کا منصوبہ مکمل کرنے کے بعد سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کردیا ہے جبکہ حضوری باغ روڈ پر سیوریج لائن بچھانے کا کام جارہی ہے۔
قیصر سلیم نے بتایا کہ واسا کے تمام65 واٹر فلٹریشن پلانٹس فعال ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پی ایچ اے پہلے سکیل کے157 افراد کی بھرتی پر عمل پیرا ہے۔ میٹرو بس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بارے انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ جون 2024 میں مکمل گا۔











