ملتان،30مئی(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے گھنٹہ گھر بلڈنگ کو تاریخی لحاظ سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں دلکش ملتان پراجیکٹ کے تحت گھنٹہ گھر کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ دمدمہ کے قریب ٹرین کی بوگی کو خوبصورت ریسٹورنٹ کی صورت دینے کیلئے بھی کام کا آغاز کردیا گیاہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گھنٹہ گھر بلڈنگ اور دمدمہ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی سکیم کا جائزہ بھی لیا۔ڈپٹی کمشنر نے بلڈنگ کے مختلف حصوں اور اپ گریڈیشن کی انسپکشن بھی کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی سمیل مشتاق اور والد سٹی پراجیکٹ افسران نے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ گھنٹہ گھر بلڈنگ میں کرافٹ سکول بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔شہر اولیاءکی صدیوں پرانی تہذیب کو جاگر کرنے کیلئے اقدامات کرینگے۔عمر جہانگیر نے کہا کہ دمدمہ اور آرٹ گیلری کو بھی سیاحوں کیلئے دلچسپی کا محور بنائیں گے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ گھنٹہ گھر کلاک اور لائٹس کی بحالی کیلئے بھی احکامات جاری کئے ہیں۔











