میرپور خاص،23 مئی (اے پی پی): ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شفیق احمد مہیسر نے کہا ہے کہ 55 ویں مینگو فیسٹول کو روایتی طریقہ سے ہٹ کربھرپور طریقہ سے منانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اورنظم و ضبط کی مثال قائم کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار ڈویژنل کمشنر میرپورخاص شفیق احمد مہیسر نے اپنے دفتر میں منعقدہ 55 ویں مینگو فیسٹیول کےسلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیئرمین مینگو فیسٹیول محمد عمر بھگیو ،ایڈیشنل کمشنرڈاکٹر علی نواز بھوت ،ڈی آئی جی پولیس ذوالفقار مہر، ڈپٹی کمشنر ذین العابدین میمن، آبادگاروں مختلف محکموں کے افسران اور کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں انتظامات کے حوالےسے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ذین العابدین میمن نے آگاہی دیتے ہوئےبتایا کہ 55 ویں مینگو فیسٹول کو بھرپور طریقے سے منانے کیلئے کمیٹی ممبران و متعلقہ محکموں کے افسران اور اداروں کے نمائندوں کے ساتھ 7اجلاس منعقد کیے، مینگو فیسٹول کے انعقاد کیلئے فروٹ فارم ہال کے اندرونی و بیرونی تعزین و آرائش کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور محکمہ زراعت بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے تعاون اور مدد کررہاہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ آبادگاروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے انہوں نے فیسٹول میں شرکت کیلئے آمادگی ظاہر کردی ہے ،انہیں مطلوبہ سہولیات بھی فراہم کی جائیگی۔ روایت کو برقراررکھتے ہوئے فیسٹول کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے بھی موثر اقدامات کیے گئے ہیں ،آبادگاروں اور ممبران و متعلقہ محکموں کے تعاون و مدد سےتجاویز پر عمل جاری ہے، مختلف پروگراموں کے انعقاد کیلئے بھی کمیٹیاں قائم کرکے کام جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ذین العابدین میمن نے کہا کہ میرپور خاص کے عوام کو عرصہ کے بعد یہ مینگو فیسٹول کا تحفہ دے رہے ہیں، عوام کی تفریح اور آموں کی مختلف اجناس کی آگاہی کیلئے سیمینار بھی منعقد کیا جارہا ہے اور بھرپور طریقہ سے میڈیا اور وی لاگرز، گوگل اور دیگر تشہیری جدید عوامل و طریقوں سے فیسٹول کی روایت سے ہٹ کربھرپور تشہیر بھی کی جائیگی۔
ڈویزنل کمشنر شفیق احمد مہیسر نے کمیٹی ممبران و آبادگاروں کے مابین رابطوں اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مکمل تفریح کیلئے سیکورٹی اور ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد ،فائر بریگیڈ، ریسکیو ایمبولینس بنیادی چیزوں کی مرمت ہال و آڈیٹوریم کی آرائش مناسب اندراج آبادگاروں کیلئے مناسب اعزازیہ ،مختلف پروگراموں کا انعقاد ،بم ڈسپوزل کا انتظام ،ٹریفک نظام کی بہتری، مناسب بجلی کی بلا ناغہ ترسیل، اسٹینڈ بائےجنریٹرز کو مکمل طور آپریشنل اور فنکشنل بنایا جائے۔
ڈی آئی جی ذوالفقار علی مہر نے سیکورٹی و امن وامان اور دیگر درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے اپنے مکمل تعاون و مدد کا اعادہ کیا اور مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کیلئے مناسب پلان پر عملدرآمد کیلئے عزم کیا۔ چیرمین عمر بگہیو اور دیگر نے فیسٹول کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنی اپنی تجاویز دیں اور امید ظاہر کی کہ تعاون اور مدد اور مثبت تجاویز و فیصلوں کی روشنی میں فیسٹول اپنے اہداف یقینا حاصل کریگا۔
ڈویزنل کمشنر شفیق احمد مہیسر نے زور دیا کہ فیسٹول میں آم کی تازہ اقسام و اجناس کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سندہ بھر سے آباگاروں سے رابطہ اور انہیں مدعو کرنے کیلئے آمادہ کیا جائے تاکہ یہ 55 واں مینگو فیسٹول نہ صرف میرپور خاص کے عوام کیلئے بلکہ پورے سندھ کا فیسٹول بن جائے اور اسکی نمائندگی عوام کو ہر سطح پر بھرپور طور پر نظر آئے ۔
عوام کی تفریح کیلئے تینوں دن 2 جون سے 4 جون تک سیمینار، میوزیکل پروگرام ،ملاکھڑا اور اور آموں کی مختلف اقسام و تازہ اجناس کی فراہمی کے ساتھ دیگر پروگرام بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔