مظفرگڑہ، 16 مئی(اے پی پی):نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرہسپتال مظفرگڑھ کا اچانک دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے ہسپتال میں آئی سی یو، ڈائیلیسسز وارڈ اور ایمرجنسی واڈ کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے خیریت دریافت کرتے ہوئے ڈاکٹرز و طبی عملہ کے رویہ، ادویات کی فراہمی اور دیگر سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔انہوں نے مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ میں دیگر اضلاع کی نسبت بہترین انتظامات ہیں، سروسز کی ڈیلیور ی سمیت صفائی، ڈاکٹرز کی حاضری اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات بہتر ہیں۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی سربراہی میں پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں 1ہزار 45خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے الیکشن کمیشن سے اجازت لے لی ہے جلد ہی ان پر بھرتی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکو مت سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت طبی علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے کثیر فنڈز مہیا کر رہی ہے۔اربوں روپے کے بجٹ کی فراہمی کا مقصد شہریوں کو صحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ حکومت کی جانب سے صحت عامہ کی سہولتوں میں کئی گنا اضافے کے بعد سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا اعتماد بڑھا ہے۔مریضوں کیلئے علاج معالجے کیلئے ادویات کی دستیابی اور لیبارٹری ٹیسٹ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔