پشین،06 مئی(اے پی پی):جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر ووفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسیع نے کہاہے کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کےلیے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین کلی ڈب خانزئی میں قبائلی رہنما ملک حسام الدین ترین اور ان کی ساتھیوں کی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسیع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مولانا کمال الدین، رکن صوبائی اسمبلی حاجی آصغر ترین ،حاجی محمد نواز کاکڑ ،جمعیت علماء اسلام پشین امیر مولوی عزیز اللہ،سابق صوبائی وزیر سید مولانا عبدالباری آغا ،سابق اسپیکر سید مطیع اللہ آغا اور دیگر رہنماں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وقت اور حالات بدل رہے ہیں، جمعیت نے ملک میں بقاء، ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت میں شامل ہوکر سخت فیصلے کیے اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی جمعیت ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری جماعت اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام چاہتی ہے، اپنے علاقے کے عوام کی ہر ممکنہ مدد کو اپنا نظریہ سمجھتے ہیں۔