بورے والا،26 مئی (اے پی پی):سیکرٹری صحت پنجاب علی جان نے کہا ہے کہ حکومت بورے والا سمیت پنجاب بھر کے 30 ہسپتالوں کو اکتوبر تک سیٹی سکین مشینوں کی فراہمی شروع کردے گی، بورے والا پنجاب کے 30 بڑے ہسپتالوں میں شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال بورے والا کے اچانک دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری صحت پنجاب علی جان نے کہا کہ موجود سہولیات اور وسائل کو مزید بہتر انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے جبکہ بورے والا سمیت پنجاب کے 4 بڑے ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی کو بہت جلد دور کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں مقامی سطح پر جدید ترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔
سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے ہسپتال کے تمام شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد صدیق بلوچ،ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹر محمد عمر غوری،ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر عمران بھٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔