اٹک؛ ضلعی ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس ، مون سون سے  قبل کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا

4

اٹک،26مئی(اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل   عدنان انجم راجہ کی زیرصدارت ضلعی ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس  منعقد ہوا ۔اجلاس میں آئندہ مون سون کے سیزن میں ہونے والی بارشوں کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسنین نے ریسکیو 1122کی طرف سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کے متعلق شرکاء کو بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ مون سون کے سیزن میں ہونے والی بارشوں کے سلسلےمیں تمام حفاظتی اقدامات مکمل ہےاور اس سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے اپنا کردار ادا کریں گے۔اس سلسلے میں کنٹرول روم بھی قائم  ہے جہاں سے تمام حالات کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور  متعلقہ مشقیں بھی کی جائیں  گی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل   عدنان انجم راجہ نے کہا کہ وہ ریسکیو 1122 اوردیگرمحکموں کی تیاری کاخود جائزہ  لیں گے اور اس ضمن میں تمام عمل کی نگرانی کریں گے۔