پنجاب حکومت کی طرف سے ضلع قصور کو8ہزر ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ ہر صورت پورا کیا جائیگا ،ڈپٹی کمشنر 

9

قصور،31 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے ضلع قصور کو8ہزر ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ٹارگٹ ملا ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائیگا۔ زیادہ کپاس اُگاؤ مہم کی کامیابی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے، حکومت کی طرف سے کپاس کی امدادی قیمت 8500روپے  فی من مقرر کی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ڈی سی کمیٹی روم میں زیادہ کپاس اُگاؤمہم 2023ء کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر محکمہ زراعت لاہور ڈویژن شیر شیراوت، ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع)قصورمحمد اکرم طاہر، کسان اتحاد کے عہدیداران اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو زیادہ کپاس اُگاؤ مہم 2023کے حوالے سے اب تک رقبہ پر کاشت ہونیوالی کپاس کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشدبھٹی نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ کپاس کی کاشت کر کے مقرر کردہ ٹارگٹ کو پورا کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں، ضلعی انتظامیہ کپاس کی کاشت اور پیداوار میں اضافے کے لیے بھرپور کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے معیاری بیج اور ادویات کی سرکاری نرخناموں پر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کسانوں کی سہولت کیلئے تحصیل کی سطح پر سہولت مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر کاشتکاروں کو بیج اور سپرے مقررہ قیمت پر دستیاب ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کسان اتحاد ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے مسائل بھی سنے اور انہیں جلد ازجلد حل کروانے کی یقینی دہانی کروائی۔