پی ٹی آئی کے جتھوں نے وہ کام کئے جو ملک دشمن 75سال میں بھی نا کر سکے،عمران نیازی خود کو ریاست اور قانون سے بالا سمجھتے ہیں؛شیری رحمان  اورفیصل کریم کنڈی کی  مشترکہ پریس کانفرنس

21

اسلام آباد،13مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے  کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے جتھوں نے وہ کام کئے جو ملک دشمن 75سال میں بھی نا کر سکے، عمران خان اور تحریک انتشار نے ملک کو نقصان پہنچایا ، عمران نیازی خود کو ریاست اور قانون سے بالا سمجھتے ہیں ،  جتھوں کے خلاف ہر صورت کارروائی کی جائے گی ، تمام شرپسندوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔

ہفتہ کو یہاں  وزیر مملکت    فیصل کریم کنڈی  کے ہمراہ  مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے  وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان  نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاسی جماعت نے ملک کا جو حال کیا ہے وہ اب تحریک انتشار بن چکی ہے، گزشتہ دنوں کے تحریک انتشار کے اقدامات سے ملک میں کوئی شخص نہیں بچا اور نا ہی ریاست کو چھوڑا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے حاضر سروس فوجی افسر اور آرمی چیف پر الزام لگائے، انہوں نے سوال کیا کہ 9مئی سے ملک میں انتشار کی سیاست کا کیامطلب ہے؟ ان کے قول و فعل سے نظر آتا ہے کہ عمران خان ریاست اور قانون سے خود کو بالا سمجھتے ہیں ، عمران خان کا کہنا ہے کہ  میں ہوں تو پاکستان ہے، میں نہیں توپاکستان نہیں ،یہ غلط اور خطر ناک پیغام ہے۔

 وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان  نے کہا کہ تشدد کرنے والوں اور عمران نیازی میں کوئی فرق نہیں کیونکہ انہوں نے اہم قومی املاک اور حساس تنصیبات کے علاوہ جناح ہاؤس کو نظر آتش کر دیا ، شہریوں کو تکلیف پہنچائی ، امتحان ملتوی ہوئے، لوگوں کے گھروں میں لوٹ مار کرنے والوں کی پشت پناہی اور حوصلہ افزائی کی  جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت میں عمران نیازی کہتا ہے مجھے کچھ معلوم نہیں جبکہ باہر آ کر کہتا ہے کہ اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو ایسا ہی ہوگا۔ پاکستان میں اسطرح کی سہولت ماضی میں کسی کو نہیں دی گئی جیسے عمران کو گرفتار کے دوران دی گئی ، ہم بھی جیلوں میں رہے ، دوائیاں تک نہیں ملتی تھیں۔

 وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان  نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ سیاسی قیدی کو ریلیف دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی دور بدلنے کے چکر میں ملک ساکھ داؤ پر لگا رہے ہیں ، جناح ہاؤس اور حساس تنصیبات کو نظر آتش کیا ، آرمی چیف کو نشانہ بنانے رہے ہیں ، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے تعجب کا اظہار کیا کہ عدالت ان کو مہمان بنا کر گیسٹ ہاؤس میں رکھتی ہے جبکہ ہم خواتین کو بکتر بند گاڑیوں میں لے جایا جاتا تھا۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ان کے اپنے دور حکومت میں ہم پر کیا کیا ظلم نہیں کیا گیا ، فریال تالپور کو چاند رات کو ہسپتال سے بکتر بند میں لے گئے ، ہم سمجھتے ہیں کہ بکتر بند کیا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران اپنے آپکو ماورائے قانون و عدالت سمجھتے ہیں جو مذموم مقاصد کیلئے منصوبہ بندی کے تحت لوگوں کو استعمال کر رہے ہیں ، ان کا منصوبہ ہی جلاؤ اور گھیراؤ تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عدلیہ نے پیپلز پارٹی کے خلاف کئی فیصلے  کئے جن میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کا عدالتی قتل بھی شامل ہے ، ہم نے مارشل کو سامناکیا لیکن کبھی فوج کو ٹارگٹ نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ محترمہ بینظیر کی شہادت پر پورا ملک سراپا احتجاج تھا لیکن ہماری قیادت نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا کیونکہ بدلہ کی بجائے ملک کا سوچنا ہوتا ہے ۔ عمران نیازی کی تحریک سیاسی نہیں بلکہ انتشار کی تحریک ہے، عمران کا پیغام ہے ہم ڈوبے تو صنم سب ڈوبیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیاست نہیں ہے۔

 اس موقع پر وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گزشتہ دنوں آپ نے بہت سے مناظر اور عدالت کی گزارشات اور عمران کا رویہ بھی دیکھا ہوگا ، جس سے ایک چیز واضح ہوگئی کہ ملک میں عدل و انصاف کا نظام ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بلاول بھٹو کی سفارت کاری اور ملک ترقی سے پاکستان کے دشمنوں اور پی ٹی آئی کو تکلیف ہوتی ہے ۔ انہوں نے ہم ریاست کی جنگ لڑ رہے ہیں شخصیات کی بات نہیں ، کردار کی بات ہو رہی ہے ، عمران نیازی کے کارکنوں نے ملک بھر میں قومی املاک کو نقصان پہنچایا ، جنگوں میں بھی سکولوں ، کالجوں اور ہسپتالوں کو نشانہ نہیں بناتے لیکن انہوں نے ایسا کیا ۔ ملک میں فساد کیلئے ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعت کا استعمال ہو رہا ہے۔

 فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سپریم کورٹ پیشی پر  عدلیہ کا رویہ سب کے سامنے ہے ۔ کیا مدینہ کی ریاست میں اس کی اجازت تھی ؟  یہ سب دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم پیر کو پر امن احتجاج کر رہی ہے پیپلز پارٹی اس کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور پیپلز پارٹی کے کارکن اور قیادت احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ان مورال میں کبھی کمی نہیں ہونے دے گی۔