چنیوٹ؛ یوم تکریم شہداء پر یادگار شہداء پر تقریب، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی

32

 

چنیوٹ، 25 مئی (اے پی پی ):یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر یادگار شہداء پر سلامی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔سلامی میں ڈی پی او وسیم ریاض خان،ڈی سی محمد آصف رضا پاک آرمی کے افسران،سول سوسائٹی،پولیس افسران و جوانوں نے شرکت کی۔یادگار شہداء پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور  شہداء کیلئے دعا کی گئی۔

اس موقع پر  ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی بدولت ہم سکون کی نیند سوتے ہیں،ملک کی حفاظت،عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جان کی قربانی بہت بڑی قربانی ہے۔

ڈی پی او وسیم ریاض خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن پاک فوج،پولیس کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پاکستان آرمی،پولیس کے جوان دہشت گردی،جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے ہمہ وقت سینہ سپر ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر ڈی پی او وسیم ریاض خان،ڈی سی محمد آصف رضا،پاک فوج کے افسران شہداء کے گھروں میں گئے۔افسران چنیوٹ پولیس کے شہید کانسٹیبل امتیاز حسین شہید،پاک آرمی کے حوالدار محمد بشیر شہید،کانسٹیبل گہلا خان شہید،چنیوٹ پولیس کے کانسٹیبل شہید اعجاز احمد،پاک آرمی کے شہید نذیر احمد تمیمی،پاک آرمی کے شہید سپاہی نوید اکرم،سکوارڈن لیڈر احمد یوسف شہید کے گھروں میں گئے۔

افسران نے شہداء  کے خاندانوں   کو پھولوں کے گلدستے،تحائف پیش کئے۔شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔افسران نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھرپور انداز سے خراج تحسین پیش کیا۔افسران شہداء کی قبروں پر گئے،پھولوں کی چادریں چڑھائیں،پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،بلندی درجات کیلئے دعا کی۔

25 مئی یوم تکریم شہداء پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد بھی  کیا گیا۔تقریب میں پاک فوج، چنیوٹ پولیس کے شہداء  کے خاندانوں  نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ڈی پی او وسیم ریاض خان، ڈی سی محمد آصف رضا، پاک فوج کے افسران، دیگر افسران و سول سوسائٹی نے شرکت کی۔افسران نے شہداء کے خاندانوں  سے ملاقات کی اور  شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سکول کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے و ٹیبلوز پیش کئے۔شرکاء نے تقاریر کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔شہداء کے خاندانوں ،بچوں نے شہداء کو یاد کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ڈی سی چنیوٹ محمد آصف رضا نے شہدائے پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں  نے شہداء کے خاندانوں  کیلئے خصوصی اقدامات کرنے کا عزم کیا۔

ڈی پی او نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ25 مئی، یوم تکریم شہداء منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کو یاد رکھنا،خراج تحسین پیش کرنا ہے۔یوم تکریم شہداء پاکستان, تجدید عہد کا دن ہے، ہم اپنے شہداء کے خون کے وارث ہیں۔ملک پاکستان، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء وطن کو سلام پیش کرتا ہوں۔