چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پی ایچ ایف کے کنٹری ڈائریکٹر عادل شیرازی کی سربراہی میں بین الاقوامی این جی اوز کے سینئر نمائندوں پر مشتمل وفد کی ملاقات

2

اسلام آباد،30مئی(اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان ہیومینٹیرین فورم (پی ایچ ایف) کے کنٹری ڈائریکٹر عادل شیرازی کی سربراہی میں بین الاقوامی این جی اوز کے سینئر نمائندوں پر مشتمل وفد نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان کی پسماندہ علاقوں بالخصوص خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب، سندھ کے دوردراز علاقوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

چیئرمین سینیٹ نے صحت، تعلیم، غربت ،موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات جیسے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سینیٹ آف پاکستان معاشرے کے بے سہارا اور پسماندہ طبقات کی بہتری کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کو مکمل تعاون فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

ملاقات کے دوران چئیرمین سینیٹ نے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے پاکستان ہیومینٹیرین فورم (پی ایچ ایف) کے ساتھ مل کر “پارلیمانی کاکس” کے قیام کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کاکس، تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ ضرورت مند کمیونٹز کو زیادہ موثر انداز میں مدد فراہم کرے گا۔لگن اور جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت میں پی ایچ ایف اور دیگر تنظیموں کے گرانقدر کردار کو تسلیم کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کیلئے “ڈونر کانفرنس” کے انعقاد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے ملک بھر میں اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا تاکہ نہ صرف ان کمیونٹیز کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا جا سکے بلکہ پاکستان کے ثقافتی تنوع کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا  کہ پی ایچ ایف ایسی قانون سازی تجویز کرے جو مقامی اور بین الاقوامی این جی اوز کیلئے سازگار ماحول پیدا کرے۔ پی ایچ ایف کے چیئرمین عادل شیراز نے چیئرمین سینیٹ کو تنظیم کے اہداف، مشن اور پاکستان کے عوام کی خدمت کیلئے کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ مختلف آئی این جی اوز کے نمائندوں نے مجوزہ ڈونر کانفرنس کے حوالے سے تجاویز فراہم کیں اور ایوان بالا کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔وفد نے آئی این جی اوز کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

سینیٹرز فدا محمد، دلاور خان، ثناء جمالی اور رانا محمود الحسن، سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان، سینیٹ سیکریٹریٹ کے سینئر افسران بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔