چیف سیکرٹری پنجاب کی ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم کا دائرہ کار کمشنرز وڈپٹی کمشنرز کے دفاتر تک بڑھانے کی ہدایت

36

لاہور،23مئی(اے پی پی):چیف سیکرٹری پنجاب نے   ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم(ای ایف او اے ایس ) کا دائرہ کار کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر تک بڑھانے  اور تمام محکموں میں افسران کی ٹریننگ 15جون تک مکمل کر نے کیلئے ہدایات جاری کر دیں۔

ترجمان کے مطابق  انہوں نے یہ ہدایات منگل کو یہاں سو ل سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں محکموں میں پیپر لیس سسٹم پر پیش رفت،زیر التوا انکوائریز اور پنشن کیسز کا جائزہ لیا گیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ آئی ٹی کی مددسے گورننس اور سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں اور تمام ڈویژنل کمشنرز ور ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کو بھی ای فائلنگ کے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ای ایف او اے ایس پہلے ہی کامیابی سے جاری ہے۔انہو ں نے ہدایت کی کہ تمام محکموں میں پیپر لیس سسٹم کے حوالے سے افسران کی ٹریننگ 15جون تک مکمل کر لی جائے۔

چیف سیکرٹری نے زیر التوا محکمانہ انکوائریز اور پنشن کیسز کو جلد  نمٹا نے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ 6ماہ سے زائد کوئی انکوائری زیر التوا نہ رہے اورریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو پنشن بلا تاخیر جاری کی جائے۔

اجلاس  میں چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے  ای ایف او اے ایس اور دیگر آئی ٹی اصلاحات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیر التوا انکوائریز اور پنشن کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جا رہا ہے،گزشتہ ایک ماہ کے دوران پروموشن بورڈز اور محکمانہ کمیٹیوں نے 4100سے زائد ملازمین کو اگلے گریڈز میں ترقی دی ہے۔

 اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنوبی پنجاب)، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سینئر ممبر بورڈ آ ف ریونیو، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور محکموں کے سیکرٹریز نے  شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز بذریعہ  ویڈیو لنک شریک ہوئے۔