اسلام آباد، یکم جون(اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون و انصاف عطاتارڑ نے کہاہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث مجرموں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایاجائے گا، پی ٹی آئی کے چیئرمین نے 190 ملین پائونڈ سکینڈل میں گرفتاری سے بچنے کے لئے حساس تنصیبات پر حملہ کرایا، عمران خان کو اپنے کئے کی سزا ملے گی، 9 مئی کے بعد پرانی ویڈیو لگاکر پراپیگنڈاکیاجا رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کویہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی سیاہ ترین دن کےطور پر یاد رہے گا، 9 مئی کے واقعات منصوبہ بندی اور سوچی سمجھی سازش تھی، سابق وزیراعظم نے اپنی گرفتاری کے رد عمل کے طور پر سرکاری و نجی املاک پر حملے کے حوالے سے واضح ہدایات کی تھیں۔
عطاتارڑ نے کہاکہ 9 مئی کو ملکی سالمیت ،قومی وقار اور اتحاد و ہم آہنگی پر حملہ کیاگیا۔ عمران خان کی گرفتاری پر چندشر پسند عناصر نے وہ کام کر دکھایا جو دشمن 70 سال میں نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 9 مئی کے بعد کے واقعات کے حوالے سے جھوٹی مہم چلا رہی ہے۔ مختلف پرانی اور جعلی ویڈیو کے ذریعے پراپیگنڈاکیا جا رہاہے، ان ویڈیوز کا 9 مئی کے واقعات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ہر جرائم پیشہ اور ملک دشمنوں والا کام کررہے ہیں، عمران خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ان واقعات کی ذمہ داری قبول کی ہے اور کہا ہے کہ ان واقعات میں ان کے کارکن اور قیادت ملوث تھی لیکن انہیں پتہ نہیں تھا۔
مہمان خصوصی نے کہا کہ شہریار آفریدی آڈیو میں کہہ رہاہے کہ ہم نے اپنے اہداف حاصل کرنے ہیں، اس حوالےسے پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کی آڈیوز بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خواتین جب کئی روز زمان پارک میں کھڑی رہتی تھیں تو ان کے بچوں کا خیال کون رکھتا تھا،بچوں کو سیاست میں مت گھسیٹیں ، پی ٹی آئی کی ان خواتین کے خلاف ثبوت مل چکے ہیں، جیل یا تحویل میں کسی خاتون کے خلاف زیادتی یا تشدد کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا۔
عطاتارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی انسانی حقوق کی تنظیموں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور عالمی سطح پر مدد حاصل کرنے کے لئے جھوٹا پراپیگنڈا کررہی ہے، خدیجہ شاہ کو جیل میں گرمی تنگ کر رہی ہے، جب حساس تنصیبات پر حملہ کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی قومی اسمبلی کا اختیار ہے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پر عدالت کو فل کورٹ بنانی چاہیے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے قومی اثاثوں کو نقصان پہنچایا، ان کی سہولت کاری نہیں ہونی چاہیے، یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،ان سے قانون آہنی ہاتھوں سے نمٹے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ جتنا جھوٹا پراپیگنڈا کرلے ان کو رعایت نہیں ملے گی، ان کے خلاف مقدمات قانون اور میرٹ پر نمٹائے جائیں ۔
معاون خصوصی عطاتارڑ نے کہا کہ عمران خان نے شہزاد اکبر کی ملی بھگت سے 190 ملین پائونڈ رئیل اسٹیٹ قوم کو منتقل کئے، شہزد اکبر کے بھائی کے خلاف قبضے کا کیس ذولفی بخاری نے درج کرایا جس پر ان کے بھائی کو گرفتار کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت کے دوران ہماری رہنمائوں کےخلاف مظالم ڈھائے اب ان کے بھائی گرفتار ہوئے ہیں تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں، شہزاد اکبر وطن واپس آئیں عدالتوں کا سامنا کریں ، اپنے چار سال کے مظالم کا حساب دیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ عمران خان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے ہیں۔ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ اور بی آر ٹی پر کارروائی ہو گی، پی ٹی آئی چیئرمین اوچھے ہتھکنڈوں سے بچ نہیں سکتے،انہیں اپنے کئے کی سزا ملے گی۔
a