اسلام آباد میں انڈسٹریل پارک کے قیام کیلئے بھرپور تعاون کریں گے؛ وفاقی وزیر مخدوم سید مرتضیٰ محمود

22

اسلام آباد،22جون (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام آئی سی سی آئی کا شاندار منصوبہ ہے، پاکستان کو 5سال نہیں بلکہ 25سال کی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔صنعتی ترقی کے لئے حکومت نے بہت سے اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ برآمدات میں اضافے کے ذریعے معاشی استحکام لایا جا سکے،حکومت نے مشکل حالات میں بجٹ پیش کیا ہے جس میں کاروبار کیلئے حالات سازگار کرنے اور انڈسٹری کا پہیہ تیزی سے چلانے کیلئے اقدامات شامل ہیں۔پاکستان کے معاشی مسائل کا پائیدار حل صرف برامدات بڑھانے میں ہے،جب تک مقامی سطح پر مینو فیکچرنگ میں اضافہ نہیں ہوگا برآمدات میں بڑے اضافے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر کی طرف سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے سابق صدر آئی سی سی آئی خالد جاوید،اعجاز عباسی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مخدوم سید مرتضیٰ محمود نے کہا کہ آج ہم جن حالات سے دوچار ہیں یہ گزشتہ 75 سال کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے، ملک اپنی پالیسیز تشکیل دینے سے ترقی کرتے ہیں، بدقسمتی سے ہم نے امپورٹ پالیسی اپنائی اور مینوفیکچرنگ کی حوصلہ شکنی کی، ہمارا ایس ایم ایز سیکٹر اس طرح ڈویلپ نہیں کر سکا جس طرح کرنا چاہیے تھا، بطور وزیر پوری کوشش کر رہا ہوں کہ ایسی پالیسیز اپنائیں جس سے معیشت کو فائدہ ہو، ہماری ایکسپورٹ 30 ارب ڈالر جبکہ امپورٹس 80 ارب ڈالر سالانہ ہیں، اس ملک میں کسی چیز کی کمی نہیں، صرف ویژن کی ضرورت ہے، پانچ سال نہیں بلکہ 25 سال کی معاشی پالیسیز کی تشکیل ہونی چاہیے، اگر ہم اپنے وسائل کا درست استعمال کریں تو پاکستان 25 بڑی معیشتوں میں شامل ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بارے میں تاجر دوست نہ ہونے کا تاثر درست نہیں،میں چیئر مین پی پی بلاول بھٹو کو اسلام آباد چیمبر لا کر بزنس کمیونٹی سے تعلقات کے نئے باب کی بنیاد رکھوں گا۔

صدر اسلام آباد چیمبرآف کامرس احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ وفاقی حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا،انڈسٹری کیلئے بجٹ میں اچھے اقدامات اٹھائے ہیں جس پر میں وفاقی وزیر مرتضی محمود کا شکریہ ادا کرتا ہوں،وفاقی وزیر بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، بزنس مینوں اور انڈسٹری کے مسائل حل کر کے ہی معیشت کو بحران سے نکالا جا سکتا ہے۔پاکستان کا مستقبل انڈسٹری اور پیداوار سے جڑا ہوا ہے۔پاکستان کی انڈسٹری کو جن مسائل کا سامنا ہے وہ سب کے سامنے ہیں۔اگر پاکستان کو دیگر پڑوسی ممالک کی پیداوار کا مقابلہ کرنا ہے تو بجلی کا ٹیرف ریجنل سطح کے برابر کرنا ہوگا۔ اسلام آباد میں انڈسٹریل پارک بنانے کیلئے ہمیں مسائل درپیش ہیں۔اس سلسلے میں وفاقی وزیراپنا کردار ادا کریں۔ا سلام آباد چیمبر میں قائم سی پیک فیسلیٹیشن ڈیسک کو وزات صنعت و پیداوار سے منسلک کرنا چاہتے ہیں۔اسلام آبادچیمبر آئندہ ماہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے انٹر نیشنل ٹورزام سمٹ منعقد کروا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بطور صدر اسلام آباد چیمبر وفاقی دار الحکومت کی بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ہونے کے ناطے تمام سیاسی جماعتوں سے طویل عرصے سے مطالبہ کرتا آ رہا ہوں کہ ہمیں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے جو تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی اختیار کی،ملک کی دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو اسی مثبت سیاست کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

نائب صدر انجینئر اظہر اسلام نے کہا کہ مرتضی محمود نے ہمیشہ تاجر برادری کا ساتھ دیا ہے،مجھے امید ہے اسلام آباد چیمبر کو انڈسٹریل پارک جیسے بڑے منصوبوں میں ان کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ جن ملکوں نے ترقی کی ہے انہوں نے اپنے برینڈز کو فروغ دیا ہے،بدقسمتی سے پاکستان میں ابھی تک اس پر توجہ نہیں دی گئی،ہمیں اپنے مقامی سطح پر برینڈز کی پذیرائی کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بزنس کمیونٹی کا ہمیشہ خیال رکھا ہے۔اس پارٹی کی قربانیوں کی تاریخ ہے جو ذولفقار علی بھٹو سے بے نظیر بھٹو کی شہادت تک محیط ہیں۔ جنوبی پنجاب کے لوگ بہت پیارے اور محب وطن لوگ ہیں جنہوں نے مشکلات کے باوجود ملکی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

تقریب سے سابق صدر آئی سی سی آئی خالد جاوید،اعجاز عباسی،سردار طاہر محمود و دیگر نے بھی خطاب کیا۔