اسلام آباد،08جون (اے پی پی):پاکستان میں افریقی مشنز نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز (آئی ایس ایس آئی) میں سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ کے تعاون سے افریقی کانٹینینٹل فری ٹریڈ ایریا پر ایک گول میز کانفرنس کا اہتمام کیا۔ جمعرات کو جاری پریس ریلیز کے مطابق افریقی گروپ کے ڈین/مراکش کے سفیر محمد کرمون، ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) وزارت خارجہ جاوید احمد عمرانی، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی سہیل محمود، چیئرمین آئی ایس ایس آئی خالد محمود، اور ڈائریکٹر سینٹر فار افغانستان مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ آمنہ خان مقررین میں شامل تھے۔ اس موقع پر پاکستان میں افریقی مشنز کے سربراہان اور افریقہ میں پاکستانی مشنز کے سربراہان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں دفتر خارجہ اور وزارت تجارت کے سینئر افسران، ماہرین تعلیم، علاقے کے ماہرین اور کاروباری برادری کے ارکان اور طلباءنے شرکت کی۔
اپنے کلیدی خطاب میں سفیر محمد کارمون نے کہا کہ افریقہ کا عالمی سطح پر جامع ترقی اور پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ہے، افریقی کانٹینینٹل فری ٹریڈ ایریا کے 54 افریقی ممالک کی مشترکہ مرضی ہے کہ وہ سامان اور خدمات کے لیے ایک مشترکہ منڈی تیار کرے، براعظم کی ترقی کے امکانات کو کھولے اور افریقی ممالک کے درمیان بین ریاستی تجارت میں اضافہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ افریقہ اور پاکستان کی کاروباری برادری براعظم میں بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تعاون کرسکتی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی ایمبیسیڈر سہیل محمود نے کہا کہ افریقہ کے ساتھ پاکستان کے روابط میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اس سلسلے میں پاکستان کی طرف سے ”انگیج افریقہ“ کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے جس کا مقصد افریقہ میں اپنے سفارتی اثرات کو وسعت دینا اور براعظم کے ساتھ ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری قائم کرنا ہے۔ وزارت تجارت کا“لک افریقہ” کا اقدام افریقہ کے اہم اقتصادی مراکز میں تین تجارتی اور سرمایہ کاری کانفرنسوں کے انعقاد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اس سے دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے افریقہ میں انضمام اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز ہورہا ہے، افریقی ممالک اور پاکستان سمیت ان کے بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے اس سے فائدہ اٹھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، ضرورت اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ دونوں طرف کی کاروباری برادری اور ممکنہ سرمایہ کار افریقی کانٹینینٹل فری ٹریڈ ایریا کی طرف سے کھلے مواقع سے پوری طرح باخبر ہوں۔
ایڈیشنل سیکرٹری (افریقہ) وزارت خارجہ جاوید احمد عمرانی نے کہا کہ افریقی کانٹینینٹل فری ٹریڈ ایریا ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افریقی کانٹینینٹل فری ٹریڈ ایریا کے مقاصد اور خواہشات کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور اس بے پناہ صلاحیت کو تسلیم کرتا ہے جو ہمارے افریقی شراکت داروں کے ساتھ ہماری اقتصادی مصروفیات کو مضبوط تجارتی روابط قائم کرنے میں مضمر ہے۔