ملتان ،ریجنل پولیس آفیسر کی زیرِ صدارت کرائم میٹنگ کا اجلاس

13

ملتان ،8 جون (اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری کی زیر صدارت کرائم میٹنگ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سٹی پولیس آفیسر منصورالحق رانا ، ایس ایس پی آ پریشنز محمد عمران اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد اشرف بھی موجود تھے جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی عیسیٰ خان ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال عمر فاروق اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لودھراں حسام بن اقبال نے بذریعہ ویڈیو لنک میٹنگ میں شرکت کی۔

 ضلعی پولیس سربراہان نے آ ر پی او کو اپنے اپنے ڈسٹرکٹ کی کرائم کی مجموعی صورتحال بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر آ ر پی او کا کہنا تھا کہ ملتان ریجن وہاڑی ، خانیوال اور لودھراں میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم پر قابو پانے کے لئے اعداد وشمار کی بجائے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے، زیر التواءکیسوں کو جلد نمٹانے کے لیے تیز رفتاری اقدامات کیے جائیں، جرائم برخلاف مال کے مقدمات میں 100 فیصد ریکوری یقینی بنائی جائے، جبکہ جرائم برخلاف اشخاص کے مقدمات میں پارسل کے نمونہ جات بروقت پنجاب فورنزک سائنس ایجنسی میں جمع کروائیں، اس میں تاخیر کی صورت میں متعلقہ افسران سے باز پرس کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ قتل، ڈکیتی ، راہزنی کے سد باب کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔ جرائم کی شرح بڑھنے سے باز پرس کی جائے گی،انہوں نے مزید کہا کہ اشتہاری مجرمان کو فوری گرفتار کریں اور جو مقدمات کے مفرور ملزم ہیں ان کو فوری طور پر اشتہاری قرار دلوائیں، اس کے علاوہ مغویان کی سو فیصد برآمدگی یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

منشیات فروشوں کی سر کوبی کے لئے سخت کریک ڈاون کیا جائے ایسے عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانون کے کاروائی عمل میں لائی جائے ،آ خر میں ان کا کہنا تھا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے پولیس کو نتائج دینا ہوں گے، انہوں نے پولیس کو روایتی انداز چھوڑ کر سائنسی انداز میں مقدمات کی تفتیش پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔