اوکاڑہ،03جون(اے پی پی ):آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق جرائم کے خاتمے اور معاشرے کے مسائل کے مثبت لائحہ عمل کے لئے ڈی پی او آفس کے احاطہ میں کمیونٹی لائزن ہال کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ منصورامان نے نے کمیونٹی لائزن ہال میں منعقدہ پہلے اجلاس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان کو کمیونٹی لائنزن پروگرام کی افادیت سے آگاہ کیا۔
ڈی پی اونے میڈیا نمائندگان کو پولیس کی کارکردگی ،کرائم کنٹرول سمیت کمیونٹی پولیسنگ کے مقصد کے بارے میں آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی لائزن آفس عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جہاں پر مسائل سننے کے ساتھ ساتھ ان کے حل کے لیے مختلف کمیونٹیزکے افراد سے قیمتی آراء بھی لی جائیں گی تا کہ عوامی مسائل کو بہترین انداز میں حل کیا جاسکے۔
ڈی پی او نے مزید بتایا کہ آ ئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ اگر کمیونٹی لائنزن پروگرام کامیاب ہو گیا تو اس کو پورے پنجاب میں شروع کیا جائے گا۔
اس موقع پر صحافیوں نے جرائم کےکنٹرول اور ٹریفک کےمسائل کو حل کرنے کے لئے تجاویز دیں۔