اوکاڑہ ؛ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد کی فراہمی کیلئے حکومت کی ہدایات پر سوفیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر

23

اوکاڑہ،19جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مالی امداد کی فراہمی کے لئے حکومت نے جو ہدایات جاری کی ہیں ان پر سو فیصد عملد رآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ان خیالات  کا اظہار انہوں نے  پوسٹ گریجویٹ کالج فاربوائر،گورنمنٹ ستلج ہائی سکول فار بوائز اور گورنمٹ ہائی سکول میں  قائم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹروں   کا دورہ  کرتے  ہوئے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر سنٹروں پر فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ضلعی انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر فضیلت نعیم نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں ایک لاکھ 44 ہزار مستحق خاندانوں کو شفاف انداز میں رقو م فراہم کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ ادارے باہمی مشاورت سے اقدامات کر رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا کہ بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام سے مالی معاونت حاصل کرنے والے افراد کی سہولیات اور آسانیوں کو اولین ترجیحات و اہمیت دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ   تینوں تحصیلوں میں بنائے گئے سنٹروں پر پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی، سایہ دار جگہوں کے ساتھ ساتھ سکیورٹی، پنکھوں اور بلا تعطل اہل افراد کو رقم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ،اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی اپنی تحصیلوں میں تمام متعلقہ اداروں کو اس سلسلہ میں متحرک اور فعال رکھیں ۔