تعلیم یافتہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھی تربیت کی بھی ضرورت ہے؛ گورنر پنجاب

23

لاہور،03جون(اے پی پی):  گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھی تربیت کی بھی ضرورت ہے،  اساتذہ کو چاہئے کہ وہ تحقیق کا عنصر طلبہ کی سوچ میں شامل کریں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے   نگران صوبائی وزیر تعلیم پنجاب منصور قادر سے   گفتگو میں کیا،جنہوں نے ہفتہ کو یہاں گورنر پنجاب سے    ملاقات  کی ۔ملاقات میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ بطور چانسلر جامعات میں گورننس کے معاملات میں بہتری لانا اور اعلیٰ تعلیم کا فروغ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز کی بروقت تعیناتی یونیورسٹیوں میں گڈ گورننس کے لیے بہت ضروری ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز اور اہم (statutory) پوسٹوں پر بھرتی کا عمل چھ ماہ قبل شروع کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کو بار بار متوجہ کرانے کے باوجود وائس چانسلرز کی بروقت تقرریوں کے حوالے سے کوئی اقدام نہ اٹھانے کی وجہ سے جامعات میں ایک خلا پیدا ہو گیا تھا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا وائس چانسلرز کی بر وقت تقرریوں کے لیے اچھی شہرت کے حامل اور متعلقہ تجربہ رکھنے والے افراد پر مشتمل سرچ کمیٹیاں بنانے کا اقدام قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ پاکستان کی یونیورسٹیوں کی بین الاقوامی سطح پر ریکنگ بہتر ہو رہی ہے۔ان کا  مزید کہا کہ کسی بھی چیز کے بارے میں رائے قائم کرنے سے پہلے حقائق اور تحقیق کرنا بہت ضروری ہے۔

اس موقع پرنگران صوبائی وزیر تعلیم پنجاب منصور قادرنے گورنر پنجاب کے پبلک سیکٹر جامعات میں پرو وائس چانسلرز تعینات کرنے کے اقدام کو سراہا۔اُنہوں نے کہا کہ اکیڈیمیہ اور انڈسٹری میں روابط مضبوط کرنا بہت ضروری ہیں۔انہوں  نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں اکیڈیمیہ اور انڈسٹری کے درمیان روابط قائم ہونے سے طلبہ کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔