تھرپارکر،14 جون( اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھر پارکر سنجے کمار ترکیو نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اشیائے خوردونوش کے نرخ مرچنٹ ایسوسی ایشنز اور ریٹیلرز ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے ساتھ ملکر طے کئے جا ر ہے ہیں تاکہ ضلع بھر میں ایک ہی ریٹ پر تمام اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال مٹھی میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تعین کے ضمن میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مرچنٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی مشاورت سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تعین کیا گیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا کہنا تھا کہ تمام ریٹیلرز نرخ نامے کے مطابق عوام کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں اور جو بھی دکاندار گرانفروشی میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف مروجہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،جلد اس ضمن میں ایک شکایاتی سیل بھی بنایا جائے گا اور عوام کی شکایات پر فوری عمل درآمد کروا کر گرانفروشی میں ملوث دکانداروں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
انہوں نے تمام ہوٹل مالکان کومتنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل چاہے بڑا ہو یا چھوٹا کسٹمر کو بل ضرور دیا جائے۔











