تھرپارکر ، 26 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لعل ڈنو منگی نے تھرپارکر میں فصلوں کی قیمتوں کے حوالے سے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت دی ہیں کہ تھرپارکر میں تعلقہ سطح پر تھر کی فصلوں کا ذخیرہ معلوم کرکے رپورٹ فراہم کی جائے ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے تعلقہ سطح پر اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی جس میں بیورو آف سپلائی، مختیارکارز ، پولیس اور دیگر متعلقہ نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تھر کی فصلوں سے متعلق اسٹاک کی رپورٹ تعلقہ کمیٹی کی سطح پر پیش کی جائے جس میں یہ معلوم ہو سکے کہ تھر کی فصلوں کا کتنا ذخیرہ ہے تاکہ تھر کی فصلوں کی مناسب قیمتیں مقرر کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہرگز نہیں ہونے دی جائے گی اور فصلوں کی خرید و فروخت کے مناسب دام دیے جائیں گے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون تھرپارکر امتیاز منگی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو تھرپارکر سنجے کمار ترکیو، تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز ، ڈی ایس پی مٹھی، اسسٹنٹ کمشنر بیورو سپلائی، محکمہ ایگریکلچر ایکسٹینشن تھرپارکر ، تاجر، سماجی رہنما اور صحافیوں نے شرکت کی۔