ڈیرہ غازی خان،21 جون(اے پی پی):سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب محمد امین اویسی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی لوکل زبانوں میں آلائشوں اور صفائی بارے آگاہی میسج عوام تک پہنچایا جائے اور جانوروں کے سیل پوائنٹس پر تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ڈیرہ غازی خان میں ڈی سی آفس میں ضلعی افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی جواد الحسن گوندل،ایکسیئن خلیل کھوسہ،سی او ضلع کونسل آصف قریشی،ایم او پلاننگ خورشید نصیر سمیت متعلقہ افسران شریک تھے۔اس موقع پر لوکل گورنمنٹ کی ترقیاتی سکیموں، عیدالاضحیٰ پلان، صفائی،واٹر فلٹریشن پلانٹس،غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے معاملات پر غور کیا گیا۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عیدالاضحیٰ پر جنوبی پنجاب میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور عوامی سہولت کے پیش نظر عید ایام میں میونسپل سٹاف24گھنٹے متحرک رہے۔انہوں نے کہا میونسپل سٹاف کو آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے30منٹ کا وقت دیا گیا ہے،شکایات کے ازالے کے لئے کال فری نمبر کی تشہیر کی جارہی ہے اور جانوروں کے سیل پوائنٹس پر تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے مزید کہا کہ عید اجتماعات سے قبل صفائی و ستھرائی کے عمل کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ میں سٹاف کی بھرتی کیلئے پیش رفت بھی کی جارہی ہے۔اس موقع پر جوادالحسن گوندل نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عید پلان اور تیاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحیٰ پر کمپنی کی650افراد کی ورک فورس عوامی خدمت کیلئے مستعد رہے گی اور 123وہیکلز کے ذریعے آلائشوں کو ٹھکانے لگایا جائے گا۔