تھرپارکر،20 جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث تعلقہ نگرپارکر سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 300 ملی میٹر سے زائد بارشیں ہوئی ہیں، نگرپارکر میں ریلیف کا کام جاری ہے، پاک آرمی اور رینجرز کے تعاون سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کردہ ٹینٹ اور راشن بیگس متاثرین میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈی سی، دربار ہال مٹھی میں حالیہ طوفانی بارشوں کے حوالے سے ضلع تھرپارکر کی صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز ، مختیارکارز ، محکمہ صحت اور محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے نقصانات کے سروے کا کام تیزی سے جاری ہے جسے اگلے دو سے تین دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد ان نقصانات کے ازالے کی سفارشات سندھ حکومت کو بھیجی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے کہا کہ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری طوفان کے الرٹ کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے پہلے ہی تمام تر ضروری اقدامات کر لیے تھے۔ اس دوران اسپتالوں میں ایمرجنسی، تمام ضروری ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ، جبکہ پمپنگ اسٹیشنز کی فعالیت اور جنریٹرز کے بندوبست کو بھی یقینی بنایا گیا جس میں پی ڈی ایم اے ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور بلدیاتی اداروں کا ہمارے ساتھ مکمل تعاون رہا۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی شروعات سے ہی محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے مختلف علاقوں میں ویٹرنری موبائیل ریلیف کیمپس لگائے گئے جس کا سلسلہ ابتک جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے کہا کہ تعلقہ ڈیپلو کے نکاسی کے نظام میں مسائل موجود تھے جس کی ہم نے پہلے ہی نشاندھی کر لی تھی لہذا وہاں موبائیل جنریٹرز کا استعمال کرتے ہوئے پانی کی نکاسی ممکن بنائی گئی۔انہوں نے کہا کہ نکاسی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ طویل اور قلیل مدتی منصوبہ بندی کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی پریشانیوں سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کے دوران انہیں وزیراعلی سندھ اور چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے مکمل تعاون حاصل رہا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ اس دوران مطلوبہ ضروریات کے ضمن میں معلومات لیتے رہے، ڈویژنل کمشنر میرپورخاص نے بھی ایمرجنسی کے دوران ہماری رہنمائی کی۔انہوں نے کہا کہ پاک آرمی ، رینجرز ، اور پولیس کی جانب سے بھی تعاون رہا جبکہ ایس ایس پی تھرپارکر اس پورے عمل میں شانہ بشانہ رہی اور طوفانی بارشوں میں کمیونیکیشن سسٹم کے مسائل کے اندیشہ کے پیش نظر انتظامیہ کو واکی ٹاکی اور وائر لیس سسٹم فراہم کیا گیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون امتیاز منگی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سنجے کمار ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ہر چند رائے، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک دو دو چانڈیو بھی موجود تھے۔