ڈی جی خان؛مقرر ہ سیل پوائنٹس کے علاوہ دیگر مقامات پر جانور فروخت کرنیوالوں کیخلاف سختی سے نمٹا جائے، دپٹی کمشنر

11

ڈیرہ غازی خان،20 جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ مقرر کردہ سیل پوائنٹس کے علاوہ دیگر مقامات پر جانور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، گراں فروشوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہولت بازار،پرائس،میونسپل سروسز اور عیدالاضحی کے حوالے سے انتظامات کے بارے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کے وسائل کو استعمال میں لانے کیلئے سٹیک ہولڈرز سے رابطے کئے جائیں اور گرانفروشوں کو جرمانے کرکے انکے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر بہترین انتظامات ہماری اولین ترجیحات ہیں اور مقصد کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کام جاری رکھا جائے۔

مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ سیل پوائنٹس کے برعکس جانور فروخت کرنے والوں کو پکڑا جائے اور اسسٹنٹ کمشنرز سیل پوائنٹس پر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ عید پر صفائی کیلئے افرادی قوت اور مشینری کو ابھی سے متحرک کیا جائے، یہ تمام امور تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں، شاہراہوں پر مکینکل سوئیپنگ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے اس کے علاوہ پی ایچ اے پارکوں گرین بیلٹس کی خوبصورتی کیلئے اپنے آئیڈیاز سامنے لائے۔انہوں نے کہا کہ کوٹ چھٹہ،تونسہ،سخی سرور ودیگر علاقوں میں صفائی کے بہترین اقدامات کئے جائیں۔

اجلاس میں اے ڈی سیز رضوان نذیر،محمداسدچانڈیہ،اے سیز عثمان غنی،زاہد اقبال،طارق شبیر،محمودمشتاق،ڈی جی پی ایچ اے طاہر جاوید انصاری،ڈاکٹر ادریس لغاری،جوادالحسن گوندل،زبیر خان،غلام محمد،محمد یعقوب،اصغر صدیقی ودیگر بھی موجود تھے۔