حکومت نوجوانوں  کی ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کر رہی ہے؛ گورنر محمد بلیغ الرحمن

50

بہاولپور، جون 16 (اے پی پی): گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت  نوجوانوں  کی  تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کر رہی ہے ، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں ، یہ ہماری آبادی کا 60 فیصد ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   جمعہ کو یہاں  اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں وزیراعظم یوتھ پروگرام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ والی بال پراونشل لیگ (مین)  کے موقع پر    کیا۔وزیراعظم کی مشیر برائے امور نوجوانان  شیزہ فاطمہ خواجہ اور وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب  بھی اس  مو قع پر موجود تھے۔

   گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان آبادی کو بہتر طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے اگر ان کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے بہترین مواقع فراہم کریں ۔ حکومت ان کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم یوتھ پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے جو سال 2013سے کامیابی سے جاری ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام میں ٹیلنٹ ہنٹ بہت اہمیت کا حامل ہے ۔

گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ  وزیراعظم کی مشیر برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ مبارک باد کی مستحق ہیں کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور جامعات کے اشتراک سے ملک بھر کے دور دراز علاقوں میں ٹرائلز منعقد کیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بہت سے چیلنجر درپیش ہیں مگر ہم پر امید ہیں کہ نوجوانوں کو رہنمائی اور یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس سلسلے میں 13جامعات میں سپورٹس اکیڈمیز اور ریسورس سنٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات سے بلاشبہ پاکستان کا نام روشن ہو گا ۔ یوتھ پروگرام کے تحت طلباء و طالبات میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے ۔

وزیراعظم کی مشیر برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام ملکی جامعات میں 25 مقامات پر 12 مختلف کھیلوں کے ٹرائلز منعقد کیے جا رہے ہیں۔ پراونشل لیگ کھیلوں کے یہ مقابلے نوجوانوں میں مقابلے کی فضا پیدا کرنا اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی روش کو پروان چڑھانا ہے۔ انہوں  نے کہا کہ حکومت پاکستان 1لا کھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، اس کے علاوہ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت لاکھوں بچوں کو سکلز ایجوکیشن دی گئی۔

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وفاقی اور صوبائی محکموں کے تعاون سے کھیلوں کے میدان میں سرگرم عمل ہے ۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ہائر ایجوکیشن کمیشن سپورٹس رینکنگ میں دوسری اور پانچویں پوزیشن کی حامل رہی ہے ۔ وزیراعظم آفس، ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پنجاب سپورٹس بورڈ کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں کھیلوں کے ٹرائلز کا انعقاد ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ پروگرام اور والی بال پراونشل لیگ کا یونیورسٹی میں انعقاد ہمارے لیے باعث اعزاز ہے ۔

 گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن، معاون خصوصی شیزہ فاطمہ خواجہ اور علاقے کی سماجی اور سیاسی رہنماؤں کی بہاولپور آمد ہمارے لیے اعزاز ہے۔ دریں اثنا اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں والی بال پراونشل لیگ کے تحت 74 کھلاڑیوں نے سپورٹس ٹرائلز کا آغاز کر دیا ہے جو 16 سے 20 جون تک جاری رہے گے۔