اسلام آباد،5جون(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں خواتین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے، پائیدار ترقی کے اہداف خواتین کو بااختیار بنائے بغیر حاصل نہیں کئے جاسکتے ، آئین واحد دستاویز ہے جس نے ملک کی تمام اکائیوں کو جوڑ رکھا ہے۔
پیر کو وہ”خواتین کے حقوق کے تناظر میں آئین پاکستان کے مطالعہ” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ سپیکر نےکامیاب سیمینار پر سیکرٹری پارلیمانی خواتین کاکس ڈاکٹر شاہدہ رحمانی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس سیمینار میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے،نصف سے زیادہ آبادی کو نظر انداز کر کے ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جس ملک نے ترقی کی اس کے ہر طبقے نے بلا تفریق اس سفر میں اپنا کردار ادا کیا، جب تک پارلیمان میں بننے والے قوانین پر عمل درآمد کو یقینی نہیں بنایا جاتا اس کے اثرات نظر نہیں آسکتے ۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ خواتین اب ہر شعبے میں اپنا موثر کردار ادا کر رہی ہے،پاکستان کی پارلیمان میں موجود خواتین زیادہ متحرک کرداد ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر فخر ہے کہ میری سیاسی تربیت شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے کی ہے ۔ ان سے ہم نے صبر، برداشت اور تحمل سیکھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ خواتین کو براہ راست انتخاب میں حصہ لینا چاہئے ۔میں بحیثیت سپیکر قومی اسمبلی خواتین کی وزارت کی بحالی کا مطالبہ کرتا ہوں ۔خواتین کو اقتصادی طور پر بااختیار بنائے بغیر کوئی بھی ترقی نہیں کر سکتا، ایوان بالا و ایوان زریں دونوں میں خواتین ممبران کو مرد ممبران کے برابر اہمیت حاصل ہے۔
آئین کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان واحد کتاب ہے جس نے ملک کو اکٹھا رکھا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے ہماری خواتین کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔











