پاکستان کی پارلیمان میں خواتین کا کردار انتہائی قابل ستائش ہے ؛اعظم نذیر تارڑ

18

اسلام آباد،5جون(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ  نے پارلیمان کی قائمہ کمیٹیوں کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سازی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان کی پارلیمان میں خواتین کا کردار انتہائی قابل ستائش ہے ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو “خواتین کے حقوق کے تناظر میں آئین کے مطالعہ ” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں خواتین پارلیمنٹرینز کی شرکت اور جذبے کو سراہا اور کہا کہ  پاکستان کی پارلیمان میں خواتین کا کردار انتہائی قابل ستائش ہے۔

اعظم نذیر تارڑ  نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ برائے خواتین کے حقوق میں پاکستان بہت پیچھے ہے۔انہوں نے خواتین کی سماجی و اقتصادی شمولیت کے لئے کوششیں جاری رکھنے کا بھی عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا جس کی 50 فیصد آبادی کو صنفی امتیاز کا سامنا ہو، قانون سازی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خواتین کے بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کے لئے قوانین کے نفاذ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

 اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان نے جینڈر بجٹ کے لئے خواتین پارلیمنٹرینز کی تجاویز کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔