راجن پور،16 جون (اے پی پی ):آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے احکامات کی روشنی میں راجن پور کچہ آپریشن گزشتہ 69 روز سے بلا تعطل جاری ہے ،آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان کچہ کے آپریشنل ایریا میں فرنٹ لائن پر پولیس دستوں کے ہمراہ موجود ہیں ۔
ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد کی زیر کمانڈ پولیس دستوں نے چک عمرانی میں کارروائی کی ، چک عمرانی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے تحت علاقہ کا مکمل محاصرہ اور پیش قدمی کی گئی ۔
اس حوالے سے ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ دوست محمد نے کہا کہ چک عمرانی میں جرائم پیشہ گینگز کے نئے خفیہ ٹھکانوں کے خلاف پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے ، پولیس دستوں کی جانب سے فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے۔
آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ کچے میں چھپے ہوئے دہشت گردوں اور ڈاکووں کا مکمل قلع قمع کریں گے،آئی جی پنجاب کے احکامات کے مطابق کچہ کے شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کچہ کے کلئیر کرائے گئے علاقوں کو ائندہ کبھی بھی ان جرائم پیشہ افراد کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے۔