روانڈا میں تعینات پاکستانی سفیر نعیم اللہ خان کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کا دورہ

12

سیالکوٹ،23جون  (اے پی پی):وسطی افریقی ملک روانڈا میں تعینات پاکستانی سفیر نعیم اللہ خان نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ اندسٹری کا دورہ کیا۔ دورہ سیالکوٹ چیمبر کے موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر و معروف صنعتکار عبدالغفور ملک نے معزز مہمان کا پر تپاک خیر مقدم کیا۔

صدر چیمبر نے دوران میٹنگ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر چیمبر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم انتہائی کم ہے جس کو دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹیز مل کر بہتر بنانے کےلئے اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ بزنس ٹو بزنس تعلقات، جائنٹ وینچرز کے امکانات کی تلاش، روانڈا کی مارکیٹ میں سیالکوٹ کی تیار کردہ شہر آفاق مصنوعات کی کھپت،دونوں ممالک کی ٹریڈ باڈیز کے درمیان تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کےلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط، سنگل کنٹری تجارتی نمائشوں اور تجارتی وفود کے تبادلہ سمیت دیگرآپشنزپر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر چیمبر نے کہا کہ سیالکوٹ کی تیار کردہ مصنوعات بشمول کھیلوں کا لباس، کھیلوں کا سامان، سرجیکل، مینی کیور اور پیڈی کیورانسٹرومنٹس، ہر قسم کی قینچی ،چمڑے کے ملبوسات، گلوز، مارشل آرٹس،  سپورٹس شوز،  آلات موسیقی، ملبوسات، ٹیکسٹائل گارمنٹس، وغیرہ کوالٹی اور پائیداری کے اعتبار سے کسی بھی غیر ملکی برانڈ کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔

اجلاس میں صدر چیمبر کے علاوہ سینئر نائب صدر جناب وہب جہانگئر، نائب صدر جناب عامر مجید شیخ اورممبران ایگزیکٹو کمیٹی نے شرکت کی۔