لاہور، 9جون(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے زراعت کا دوسرا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ہوا۔ جس میں چیف سیکریٹری، سیکرٹری زراعت،سپیشل سیکرٹری زراعت، محکمہ زراعت کے اعلی حکام اور زرعی ماہرین نے شرکت کی، اجلاس میں فی ایکڑ پیدا وار بڑھانے کے لئے متعدد پروگرام شروع کرنے کی اصولی منظوری دی گئی، زمینوں کی زرخیزی بڑھانے کے لئے سائل ہیلتھ پروگرام شروع کیا جائے گا، پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو رعایتی نرخوں پر جپسم فراہم کی جائے گی، کسانوں کو زرعی آلات رعایتی نرخوں پر فراہم کئے جائیں گے۔کھالوں کو پختہ کیا جائے گا اور سمال ڈیمز بنائے جائیں گے، تھل کی آباد کاری اور نئے ایریاز زیر کاشت لائے جائیں گے، گرین سائلوزاورکولڈ چین ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔کپاس،گندم، گنا، سویا بین، آئل سیڈ اور دالوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے، صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور اس سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانا وقت کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت زراعت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبائی وزیر نے زراعت کے حوالے سے بجٹ تجاویز اور پروگرامز کو حتمی شکل دینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی، یہ کمیٹی آئندہ چند روز میں پروگراموں اور تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔