سولر سسٹم کے ذریعے توانائی کے حصول کو فروغ دیا جائے؛ نگران صوبائی وزیر ایس ایم تنویر

8

ملتان،16 جون (اے پی پی ): نگران صوبائی وزیر صنعت وتجارت وتوانائی ایس ایم تنویر نے   کہا ہے  کہ سولر سسٹم کے ذریعے توانائی کے حصول کو فروغ دیا جائے تاکہ سستی بجلی   حاصل کی جا سکے ،انڈسٹریز کو بھی سولر سسٹم کی طرف راغب کیا جائے گا۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں  نے    جمعہ کو یہاں  ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں نگران صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس و ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول بلال افضل اور کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک  نے بھی شرکت کی ۔

 اجلاس میں صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے تفصیلی استقبالیہ پیش کیا گیا۔نگران صوبائی وزیر صنعت وتجارت کی طرف سے صنعت کاروں اور تاجروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے مزید کہا کہ کپاس کی کاشت کے ٹارگٹ کو حاصل کیا گیا ہے، اب اس کی نگہداشت برائے خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ڈویڑنل، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کاشتکار کو کپاس کی نگہداشت اور بہتر پیداوار کے لیے مکمل معاونت فراہم کررہا ہے، کارپوریٹ فارمنگ پر کام کر رہے ہیں، جعلی کھاد اور جعلی زرعی ادویات کے خلاف سخت الیکشن لئے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے مزید اراضی مختص کی جائے گی، صنعتی ترقی سے ہی ہماری معیشت مستحکم ہو گی، صنعت کاروں اور تاجروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

نگران صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس و ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس بلال افضل نے اس موقع پر کہا کہ ٹیکسیشن کے حوالے سے صنعت کاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے،تاجروں کے لیے ٹیکسیشن کے نظام میں آسانیاں پیدا کی جائیگی، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی طرف کوئی بھی مسئلہ ہو تو فوری حل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہائی ویز کی مرمت کے لیے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی ترجیحی بنیادوں پر تعمیر ومرمت کی جائے گی،ملتان ڈویژن میں 16 سڑکوں کی مرمت کی جائے گی۔

 اس موقع  پر  ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے نگران صوبائی وزراءایس ایم تنویر، بلال افضل اور کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئی۔

  صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں راشد اقبال، نائب صدر شیخ محمد عاصم سعید، سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں تنویر اے شیخ, خواجہ محمد یوسف،خواجہ محمد یو نس, خواجہ محمد حسین، بختاور تنویر شیخ، سید ثاقب علی، نوید اقبال چغتائی، عدنان چغتائی،شیخ فہیم ستار ،مس صالحہ حسن،صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری شیخ فیصل سعید،چوہدری محمد اعظم،شیخ ارشد اقبال،احتشام الحق، خواجہ ندیم شہزاد،سیکرٹری جنرل محمد شفیق اور دیگر صنعت کار اور تاجر  بھی اجلاس  میں  موجود تھے۔